وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے فوجی افسروں سمیت سات شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے میر علی میں دہشت گردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن محمد احمد بدر سمیت سات شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراطلاعات نے میر علی کے شہداءکے خلاف پی ٹی آئی سے منسلک اکاﺅنٹس سے غلیظ مہم پر شدید ردعمل اور شدید مذمت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے زمین پر جبکہ پی ٹی آئی حامیوں نے سوشل میڈیا کے محاذ پر حملہ کیا۔
9 وفاقی وزیر نے کہا کہ مئی 2023 کو ریاستی اداروں، شہداءکی یادگاروں پر حملے ہوں یا 9 اگست 2022 کو سانحہ لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادتیں ہوں، پی ٹی آئی نے شہداء کا ہمیشہ مذاق اڑایا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداءکو سلام پیش کرتی ہے، اُن کی قربانیوں کے قرض کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی، پوری قوم شہداء کی وارث ہے، ان کی توہین کرنے والوں کے لئے قوم کے دل میں کوئی گنجائش ہے اور نہ قانون میں کوئی جگہ ہے۔
ہم شہداءکی عزت ووقار اور ان کی ناموس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، شہداءاور قومی اداروں کے خلاف گھٹیا مہم چلانے سے صاف پتہ چل جاتا ہے کہ پی ٹی آئی غیرملکی چندے پر کیوں پل اور چل رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ہر وہ کام کرتے ہیں جس سے پاکستان کے دشمن اور دہشت گرد خوش ہوں، آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر مظاہرہ کرکے انہوں نے پاکستان کے معاشی محاذ پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج قوم کے بیٹوں کی شہادتوں پر توہین آمیز اور قابل مذمت رویہ اپنا کر دہشت گردی کے محاذ پر دہشت گردوں کا ساتھ دیا، ثابت ہوا کہ پی ٹی آئی کو پاکستان کے مفادات اور شہداء کی قربانیوں سے کوئی سروکار نہیں ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ ان شر پسند عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، یہ نہ سیاسی جماعت ہے نہ ہی یہ سیاسی کارکن ہیں، یہ صرف فسادی اور لشکری ہیں۔



















