Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے فوجی افسروں کی نماز جنازہ ادا

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے فوجی افسروں کی نماز جنازہ بنوں کینٹ میں ادا کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف اور سینیئر عسکری و سول قیادت نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کے عزیز و اقارب کے ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ39 سالہ شہید لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، تاہم دونوں شہداء نے مادر وطن کے دہشت گردی سے تحفظ کے لئے جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کیا۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئی، تاہم شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

اس موقع پر صدر آصف زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ سے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے نظرئیے پر کاربند ہے، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے رہنما اصولوں پر چلتے ہوئے پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیشہ وارانہ مہارت اور وفاداری کا بلند معیار قائم رکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر بیٹوں کا ایک شاندار ورثہ ہے، ہمارے بہادر سپوتوں نے مادر وطن کے دفاع کے لئے عظیم قربانی پیش کرنے میں کبھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز کے اہلکار شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں