وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم ہی ہمارے ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قلعہ سیف اللہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طالب علم اکرام اللہ کی ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے اکرام اللہ کا وزیراعظم ہاؤس میں استقبال کیا۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سال 2022 کے تباہ کن سیلاب کے پیش نظر میرے قلعہ سیف اللہ کے دورے میں اکرام اللہ مجھے خسنوب کے امدادی خیمے میں ملا تھا. اکرام اللہ کا خاندان سیلاب سے شدید متاثر ہوا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اکرام اللہ نے حصول تعلیم کے مواقع کی عدم موجودگی پر غم و غصے کا اظہار کیا تھا، اکرام اللہ نے تب اعلی تعلیم حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیم ہی ہمارے ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے، مجھے آج یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہے کہ اکرام اللہ ایک پر اعتماد، پر جوش، فرمانبردار اور سلجھا ہوا طالب علم بن چکا ہے۔
شہباز شریف نے اکرام اللہ کو قلم اور نصابی سرگرمیوں میں مدد کیلئے اپنی ذاتی حیثیت میں ٹیبلیٹ کا تحفہ دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلیم کے حصول میں اکرام اللہ کے لیے مفید ثابت ہوگا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب کے طور پر ہونہار طلباء کو میرٹ پر سکالرشپ پر بیرون ملک بھیجنے کی سکیم شروع کی تھی اور اب اسی طرز پر وفاقی سطح پر طلباء کے لیے سکالرشپ کا منصوبہ لائیں گے۔
ملاقات میں اکرام اللہ نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور وزیرِ اعظم کے اس اقدام کو اسکی زندگی بدلنے کا وسیلہ قرار دیا۔
اکرام اللہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو کتب کا تحفہ پیش کیا جبکہ وزیراعظم نے اکرام اللہ کو وزیراعظم ہاؤس سے خود الوداع کہہ کر رخصت کیا۔



















