امریکا کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ کارروائی میں فوجیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران نائب ترجمان محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے چند روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردی کی حالیہ کارروائی میں فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے جواب میں افغانستان میں فضائی حملے کیے ہیں تاہم افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں شہریوں کونقصان نہ پہنچے۔
نائب ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اورافغانستان پرزوردیتے ہیں کہ اختلافات کا حل نکالیں، اور ساتھ ہی اس بات کے لیے پُرعزم ہیں کہ افغانستان دوبارہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بنے۔
ترجمان سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکا پاکستان کی انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں مدد کر رہا ہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ دوطرفہ بات چیت،انسداد دہشت گردی پر پاکستان سے مسلسل رابطے میں ہیں اور طالبان پرزوردیتے ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں افغان سرزمین سےحملےنہ کیےجائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی سفیر کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں وسیع معاملات پر گفتگو ہوئی، علاقائی سلامتی، شراکت داری، اقتصادی اصلاحات کی حمایت پر تبادلہ خیال ہوا، پاکستان امریکا کا ایک اہم شراکت دار ہے۔



















