مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا تیسرا اجلاس ہوا جس میں سال 2023-24 ء کے سالانہ بجٹ اور ضمنی بجٹ گرانٹ کی منظوری کی توثیق کی گئی۔
اجلاس میں لاہور نالج پارک کو پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے سپرد کرنے کی منظوری دی گئی، پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی سٹی بنانے کے لئے اراضی سی بی ڈی کو منتقل کی جائے گی۔
اجلاس میں پنجاب بینک کی طرف سے 20 ہزار الیکٹرک بائیک کی فراہمی کے پراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ لاہورمیں پاکستان کا پہلا آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں۔ گوگل، مائیکروسافٹ جیسے ٹیک جائنٹس کو آئی ٹی سٹی میں دلچسپی کا اظہار کرچکے ہیں۔
مریم نواز شریف نے ایک سال میں آئی ٹی سٹی کے دونوں ٹاورز مکمل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ نالج سٹی میں دنیا کے بڑے تعلیمی اداروں کو کیمپس بنانے کے لئے مدعو کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ الیکٹرک بائیکس ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے ضروری ہے لیکن بیٹری چوری اور کم مائیلج کی وجہ سے فی الحال موزوں نہیں، الیکٹرک بائیک کے ساتھ پٹرول بائیک بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔



















