Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہمارا تعلیمی ویژن کلئیر اور ارادے مضبوط ہیں، رانا سکندر حیات

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ ہمارا تعلیمی ویژن کلئیر اور ارادے مضبوط ہیں۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات سے برٹش ہائی کمشنر کلارا سترادج کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچپسی کے امور اور پنجاب کی تعلیمی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں صوبے میں برطانیہ کے تعاون سے مختلف تعلیمی پراجیکٹس کے آغاز پرغور کیا گیا۔

وزیر تعلیم نے پنجاب کو درپیش تعلیمی چیلنجز، مسائل اور ترجیحات سے آگاہ کیا جبکہ وزیر تعلیم کی جانب سے برٹش ہائی کمشنر کو بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم کیلئے ممکنہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ برطانیہ کے تعلیمی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب میں اصلاحات کریں گے جبکہ برطانیہ کے تعلیمی تجربات پنجاب پر لاگو کئے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارا تعلیمی ویژن کلئیر اور ارادے مضبوط ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی راہنمائی میں مختصر مدت کا تاریخی تعلیمی بجٹ پیش کیا گیا، وعدہ کرتے ہیں تعلیمی بجٹ تعلیم پر ہی لگے گا۔

وزیر تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب میں خواندگی کی شرح کو سو فیصد پر لانے کیلیے پُرعزم ہیں، ایک ایک پائی مسلم لیگ ن کے تعلیمی منشور کے مطابق خرچ کی جائے گی۔

رانا سکندر حیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ گذشتہ 76 سال کی تعلیمی محرومیوں کا ازالہ کریں گے، ایک کروڑ سے زائد آؤٹ آف سکول بچوں کی تعلیم کے چیلنج سے عہدہ برآء ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت کی طرح دلاسے نہیں دیں گے، عوام کا اعتماد بحال کریں گے، بجٹ کے ثمرات ہر آؤٹ آف سکول بچے تک پہنچائیں گے۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم ایجوکیشن ریفارمز لا رہے ہیں، برطانیہ کے تعاون سے ٹیچر ٹریننگ، سکولوں کی اپ گریڈیشن اور دیگر چیلنجز سے نبٹیں گے جبکہ طلبہ کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن اور جدید آئی ٹی و ٹیکنالوجی کورسز بھی شروع کئے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں