وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے چین کے سفیر زیانگ ڈونگ نے ملاقات کی جس میں اقتصادی تعاون اور دوطرفہ تعلقات سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے صنعتی زونز، زراعت، معدنیات اور کان کنی کے علاوہ قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں اپنے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا جبکہ دونوں رہنمائوں نے سی پیک کے پہلے مرحلے میں حاصل ہونے والے فوائد پر توجہ مرکوز کرنے سے بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا اور بڑھانے کے لیے قریبی تعاون کی خواہش کا اعادہ کیا۔
محمد اورنگزیب نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے بے مثال تعاون خاص طور پر سیف ڈپازٹس کے رول اوور اور تجارتی قرضوں کی ری فنانسنگ پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی ترقی کی حکمت عملی اور مجموعی اقتصادی بحالی میں پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی بنیادی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں چین کے سفیر نے محمد اورنگزیب کو وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات کے طور پر تقرری پر انہیں مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔



















