وزیراعلی بلوچستان نے کہا ہے کہ کانکنوں کی حفاظت اور محفوظ کان کنی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ہرنائی کوئلہ کان واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہرنائی کوئلہ کان دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیائع پردلی رنج ہوا، دکھ کی اس گھڑی میں جاں بحق ہونے والے کانکنوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کان میں پھنسے لوگوں کی جانیں پچانے پر امدادی سرگرمیوں میں شامل اداروں کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ کانکنوں کی حفاظت اور محفوظ کان کنی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ، متعلقہ ادارے واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں۔
واضح رہے کہ منگل کو ہرنائی کے علاقے زر الو میں واقع نیر جلات خان کول مائن نیں گیس بھر جانے سے دھماکہ ہوا جس سے کوئلہ کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا۔
پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کانکنوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا، کان میں موجود دس کان کن ملبے تلے دب گئے تھے جن کی مدد کے لئے 8 افراد کان میں اترے لیکن وہ بھی پھنس گئے۔
اس موقع پر چیف انسپیکٹرمائنز عبدالغنی شاہوانی نے کہا کہ ہرنائی میں کوئلہ کاکنوں کو نکالنے کے لیے آپریشن مکمل ہو گیا ، کان سے 8 کانکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ کوئلہ کان سے اب تک 12 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔
چیف انسپیکٹرمائنز عبدالغنی شاہوانی نے مزید کہا کہ 12 لاشیں نکالی جاچکی ہیں 8 جبکہ کانکنوں کو زندہ بچالیا گیا، کان حادثہ میں مرنے والے تمام کانکنوں کا تعلق پشین سے ہے، تمام کانکنوں کی لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کردی جائے گی۔



















