وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جنگلات کے عالمی دن پر عوام سے ‘پلانٹ فار پاکستان’ مہم کا حصہ بننے کی اپیل کی ہے۔
اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ زمین بھی ماں ہے جو زندگی، خوراک اور معاش فراہم کرتی ہے، ایک درخت لگائیں، اسے بہتر بنائیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ درخت لگائیں تاکہ انسان کی سانس چلے، فضا زہر سے پاک ہو، پنجاب کی سوہنی دھرتی مزید خوبصورت اور سرسبز ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایک درخت لگائیں اور سموگ کے اندھیرے مٹائیں، اللہ تعالیٰ بھی خوش ہوں گے اور زندگی بھی مسکرائے گی، مہم کے دوران مفت پودے دئیے جارہے ہیں، سٹوڈنٹس ‘پلانٹ فار پاکستان’ کو لیڈ کریں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی، کیو آر کوڈ اور جی آئی ایس کے استعمال سے پہلی بار شجرکاری کا ریکارڈ، مقدار اور تعداد معلوم ہوگی جبکہ نگرانی کریں گے اور یقینی بنائیں گے کہ درخت صرف کاغذوں اور مہم میں نہیں سچ مچ زمین پر لگیں اور نظر بھی آئیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام شہریوں سے درخواست ہے کہ درخت لگائیں، بچے والدین اور والدین بچوں کے نام پر درخت لگائیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ کاروباری، صنعت کار برادری، مزدور کسان، ڈاکٹر، وکلاء، میڈیا سب اس مہم میں حصہ ڈالیں جبکہ مدارس، اسکول، کالج، یونیورسٹیاں، طالب علم، استاد درخت لگائیں اور دھرتی پر زندگی کو نئی زندگی دیں۔



















