یوم پاکستان کے موقع پر تینوں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں منعقد کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کے سپریم کمانڈر صدر مملکت آصف علی زرداری یوم پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

پریڈ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ شریک ہونگے، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا بھی شریک ہونگے۔
صدرمملکت صدارتی گارڈز کے ہمراہ صدارتی بگھی میں پریڈ گراؤنڈ پہنچیں گے، ملٹری پولیس کا دستہ وزیراعظم کو ایسکورٹ کر کے سلامی کے چبوترے تک لائے گا۔
صدر مملکت کی پریڈ گراؤنڈ آمد پروزیراعظم اورعسکری قیادت صدرمملکت کا استقبال کریں گے۔
پاک فوج، بحریہ، فضائیہ، رینجرز، ایف سی اور پولیس کے دستے مارچ پاسٹ پیش کرینگے۔

عوامی جمہوریہ چین کی پیپلزلبریشن آرمی کے دستے کے علاوہ آذربائیجان کی فوج کا دستہ بھی پاکستان ڈے پریڈ کا حصہ بنے گا۔
یوم پاکستان پریڈ کی سب سے خاص بات پاک فضائیہ کا فلائی پاسٹ ہو گا، سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر فلائی پاسٹ کی قیادت کرینگے۔
پاک فضائیہ کے جدید ترین جے 10 سی، ایف 16 فلائی پاسٹ کاحصہ ہوں گے، جبکہ جے ایف 17 تھنڈرز بلاک 3 طیارے بھی فلائی پاسٹ کا حصہ ہوں گے۔
پاک فضائیہ کی شیردل فارمیشن بھی فلائی پاسٹ میں داد وصول کرے گی۔
افواج کے زیر استعمال ٹینکس، آرمرڈوہیکلز اور ڈرونز بھی صدر کو سلامی پیش کریں گے۔
چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی پریڈ کا حصہ ہوں گے۔
مسلح افواج کی پریڈ میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت نامےجاری کیے گئے ہیں، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ پریڈ گراؤنڈ جانے والے راستے ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔
یوم پاکستان پریڈ میں سعودی وزیردفاع بطوراعزازی مہمان شریک ہوں گے، ان کے علاوہ وست ممالک کے دفاعی حکام، سفارت کار اور دفاعی اتاشی بھی شریک ہوں گے۔



















