شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی کا مرکزی جلسہ 3 اپریل کی رات گڑھی خدابخش بھٹو میں منعقد کیا جائے گا۔
پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی صدارت میں خورشید شاہ کی رہائش گاہ پر لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن کے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 45 برسی کے حوالے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں برسی کے جلسے میں بھرپور عوامی شرکت یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بے گناہ ثابت کرنے پر سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس میں آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہونے مبارکباد پیش کی گئی، اور وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کے جمھوریت بحالی کی تحریک (ایم آرڈی) کے شہداء کے لیے تمغہ جرات کا اعلان کیا جائے۔
اجلاس کے بعد پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ گڑھی خدابخش بھٹو میں برسی کا جلسہ 3 اپریل کو رات میں ہوگا۔
جلسے میں ملک بھر سے کارکنان اور لاکھوں عوام شرکت کرینگے۔ جلسے سے پارٹی قیادت خطاب کرے گی، جلسے کے تمام انتظامات اور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے، مووٹر ویز اور ہائی ویز پر ڈکیتی اور لوٹ مار کے واقعات تشویشناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن امان قائم کرنے کے لئے ڈاکووں کے خلاف بلاتفریق آپریشن کیا جائے، اور ڈاکووں سے جدید اسلحے کی برآمدگی اور ان کے ٹھکانوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
سندھ حکومت امن و امان پر کوئی مصلحت نہیں کرے گی اور امن وامان کے قیام کے لئے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
سندھ میں امن امان کو قائم کرنے کے لئے آئی جی سندھ سمیت دیگر پولیس افسران کو تبدیل کیا گیا ہے امید ہے کے نئے آجی سندھ امن کے قیام کے لئے بھرپور کردار ادا کرینگے۔
نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ مہنگائی پر کنٹرول کے لئے حکومت اور انتظامیہ مل کر کام کر رہے ہیں۔



















