لوکل گورنمنٹ نے نیو کراچی کے ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف کے خلاف چارج شیٹ جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ عائشہ حمید نے ٹاؤن چئیرمین نیو کراچی محمد یوسف کے خلاف چارج سیٹ جاری کردی ہے۔
ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف کو 25 مارچ کو کو لوکل گورنمنٹ نے کرپشن کی انکوائری پر بیان کے لیے طلب کیا تھا۔
لوکل گورنمنٹ کی چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹاؤن چیئرمین نے الیکشن کمیشن کی پابندی کے باوجود ترقیاتی کام کروائے جس کی وجہ سے ٹاؤن چیئرمین الیکشن کمیشن اور ایس پی پی آر اے کے احکامات کی خلاف ورزی میں براہ راست ملوث ہیں۔
لوکل گورنمنٹ کی چارج شیٹ کے مطابق ایس پی پی آر اے رولز کے مطابق بغیر کسی ٹینڈرنگ عمل کے ٹاؤن چیئرمین نے بلیو آئی ٹھیکیدار کو ترقیاتی کاموں کا غیر قانونی ٹھیکہ دے کر الیکشن کمیشن اور ایس پی پی آر اے کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔
چیئرمین محمد یوسف نے21 دسمبر 2023 کو ربیع الاول کے بہانے ٹاؤن میونسپل کمشنر کو متعدد بوگس فائلوں پر دستخط کرنے کی ہدایت کی۔
ٹاؤن میونسپل کمشنر نے بلو آئی کمپنی کی کوٹیشن کو ایس پی پی آر اے کی خلاف ورزی سمجھتے ہوئے دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
ربیع الاول کے کام ستمبر 2023 کے مہینے میں کیے گئے تھے اور مذکورہ کاموں کی ادائیگی اس وقت کے ٹرانزیشن آفیسر حسن عباس نے کی تھی ٹی ایم سی نیو کراچی میں کام شروع ہوا.
چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ جب ٹاؤن میونسپل کمشنر نے ٹھیکیداروں کو بوگس ادائیگیوں پر دستخط کرنے سے انکار کیا، تو اسے ٹاؤن چیئرمین کی طرف سے سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی ہے۔
چارج شیٹ میں کہا گیا کہ ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف نے الیکشن کے دوران کارپوریشن کے وسائل کو سیاسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا ہے۔



















