Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و جبر کو مستقل طور پر بند ہونا چاہیے، وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری صہیونی ظلم و جبر کو مستقل طور پر بند ہونا چاہیے۔

اپنے ایک بیان میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرارداد کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے سیکیورٹی کونسل کی قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری صہیونی ظلم و جبر کو مستقل طور پر بند ہونا چاہیے، اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچے شہید ہوئے۔

 شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے دانستہ طور پر اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا جو انتہائی قابلِ مذمت ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی جون 1967 سے قبل سرحدوں کی بنیاد پر  فلسطینی ریاست کے حصول کیلئے حمایت جاری رکھے گا۔

متعلقہ خبریں