تربت میں پاکستان نیول بیس پی این ایس صدیق پر سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 اور 26 مارچ کی درمیانی رات دہشت گردوں نے پی این ایس صدیق پر حملے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کاروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے بیس پر موجود عملے اور اثاثوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے بعد قرب و جوار میں موجود سیکیورٹی فورسز کو نیول ٹروپس کی مدد کے لیے فوری متحرک کیا گیا جبکہ مسلح افواج کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں چاروں حملہ اور دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی نعمان فرید شہید ہوگئے،24 سالہ سپاہی نعمان فرید کا تعلق ایف سی بلوچستان سے تھا، مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے سپاہی نعمان فرید شہید نے بے جگری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی مسلح افواج ہر قیمت پر وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔



















