مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین نے قریبی اور مضبوط ترین دوستی کو برقرار رکھا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چیئرمین چائنہ سٹیٹ کنسٹریکشن انجینئرنگ کارپوریشن وانگ یاوڈونگ کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین نے قریبی اور مضبوط ترین دوستی کو برقرار رکھا ہے، CSCEC کے پاکستان میں پراجیکٹس سےکارپوریشن کے تعمیراتی معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کا پتہ چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے چین کا ون ونڈو آپریشن سسٹم دنیا بھر میں بہترین ماڈل ہے، آئی ٹی سیکٹر میں نجی شعبے کے باہمی اشتراک کار کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات میں بہتری کی ابھی گنجائش ہے، زراعت کے شعبے اور سموگ سے نمٹنے کے لئے چین کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ارفع کریم آئی ٹی ٹاور سمیت دیگر تعمیراتی پراجیکٹس کیلئے چائنہ سٹیٹ کنسٹریکشن انجینئرنگ کارپوریشن کے شکرگزار ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سی پیک فیز چائنہ کا پاکستان کیلئے تحفہ ہے، سی پیک کے تحت منصوبوں کے بر وقت تکمیل کے لیے پنجاب حکومت بھرپور تعاؤن کرے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ایسے سیکٹرز کا تعین کرنا ہوگا جن میں پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے، سی پیک پراجیکٹس سے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
چیئرمین چائنہ سٹیٹ کنسٹریکشن انجینئرنگ کارپوریشن وانگ یاوڈونگ نے کہا کہ دوستوں کے لئے دروازے کھلے رکھتے ہیں، پاکستانی دوستوں کا بھرپور خیرمقدم کریں گے۔
ملاقات میں وائس چیئرمین سی ایس سی ای سی عمر فاروق دیال، لی ویمن اور دیگر حکام نے شرکت کی۔



















