وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ دہشتگرد ملک کی معیشت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شانگلہ پر چینی قافلے پر خود کش حملے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے چینوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چین اور پاکستان بہت سے ترقیاتی منصوبوں میں بطور پارٹنرز ہیں جبکہ چین اور پاکستان کے تعلقات برادرانہ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشتگرد ملک کی معیشت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، کسی کو ملک کا امن خراب کرنے نہیں دیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے، ملک کا مستقبل روشن ہے اور ہمارے بہادر جوان دشمن کو نیست و نابود کریں گے۔
بشام کے قریب خودکش دھماکہ، غیرملکیوں سمیت چھ افراد ہلاک
یاد رہے کہ شانگلہ کے علاقے بشام کے قریب خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں پانچ غیرملکی باشندوں سسمیت 6 افراد ہلاک ہوئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سامنے سے آنے والی موٹرکارغیرملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ موٹرکارٹکرانے کے بعد دھماکہ ہوا۔
دھماکے کے بعد گاڑی کے ٹکڑے سڑک پر جگہ جگہ بکھرگئے۔ امدادی ٹیمیں اوربم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی موقع پرپہنچ گیا، پولیس اور دیگر تحقیقاتی اداروں کی جانب سے واقعے کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، دھماکے کے نتیجے میں مرنے والوں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔



















