ضلع شانگلہ میں گاڑی پر خودکش حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر چینی سفارت خانے کا بیان سامنے آگیا۔
ترجمان چینی سفارت خانے کے مطابق چینی سفارت خانہ اور قونصل خانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشت گرد حملے میں دونوں ملکوں کے متاثرین سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔
چینی سفارت خانے نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی حکام حملے کی مکمل تحقیقات کریں، پاکستان میں چینی شہری اور کمپنیاں مقامی سکیورٹی صورتحال پر گہری توجہ رکھیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں 5 چینیوں سمیت 6 افرا د ہلاک ہوگئے۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جارہی تھی۔
خودکش حملے میں پانچ چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ خودکش حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔



















