Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جے یو آئی ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتی ہے، مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جے یو آئی ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتی ہے۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جے یو آئی نے 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کردیا ہے، ایک بار پھر2024 کے انتخابات میں ایک بار پھر عوام کے حق رائے دہی پر شب خون مارا گیا جبکہ 2018 کے انتخابات میں عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا تھا کہ ان انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے اور انہیں مسترد کرتے ہیں، ہمیں عوام کی طرف جاناہوگا،انہیں اعتماد میں لینا ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ عوام کو ووٹ کے حق کے لئے متحد کرنا ہوگا، عوام کی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے انہیں اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کو تحفظ دے سکیں۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام کا کہنا تھا کہ ہمارا موقف واضح ہے اور اس کے لئے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے،25 اپریل کو بلوچستان سے تحریک کا آغاز کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان اجتماعات کو عوامی اسمبلی کا نام دیتے ہیں،25 اپریل کو پشین میں بڑا جلسہ کیاجائے گا جس میں بلوچستان بھر سے عوام شریک ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2 مئی کو کراچی میں عوامی اسمبلی کا انعقاد ہوگا جس میں سندھ بھر سے عوام شریک ہونگے جبکہ 9 مئی کو پشاور میں عوامی اسمبلی منعقد ہوگی جس میں کے پی کے عوام شریک ہونگے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پشاور جلسے کے بعد لاہور کے لئے تاریخ کا تعین کریں گے جہاں ملک بھر سے عوام شریک ہونگے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کررہے ہیں تاکہ عوام کی صفوں کو متحد کیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں کی طرف سے بھیجے گئے نتائج کی وجہ سے الیکشن کمیشن میں کوئی دم خم نہیں رہا ، الیکشن کمیشن بے بس ہے ان کو نتیجہ مرتب کرنے کی اجازت نہیں، ہمارے کارکن ،صوبائی اور ذیلی تنظیمیں ان اجتماعات کی کامیابی کے لئے حرکت میں آئیں۔

مولانا فضل الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جے یو آئی ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتی ہے، جے یو آئی کا کوئی امیدوار ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لےگا۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی وجمہوری ریاست بنانے کے لئے بھر پور جدوجہد کریں گے، کارکن اللہ کریم سے مدد ونصرت مانگیں اور ابھی سے محنت شروع کردیں۔

متعلقہ خبریں