.وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہےکہ غیر حاضر اور دہری ملازمت کے حامل ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی ہوگی
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی غیر حاضری پر زیرو ٹالیرنس پالیسی پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں بڑی اسپتالوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا جبکہ صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے خدمات کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہیلتھ سروسز کو بہتر بناکر غریبوں کو ریلیف فراہم کریں گے، ڈاکٹرز کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مل بیٹھ کر مشاورت سے ہیلتھ کئیر سسٹم کی فعالیت اور بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے جبکہ غیر حاضر اور دہری ملازمت کے حامل ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی ہوگی۔
میر سرفراز بگٹی نے یہ بھی کہا کہ حاضر باش ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی کریں گے جبکہ ضلعی افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کا تقرر میرٹ پر کریں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ افسران کی تعیناتی کے دورانیہ کو تحفظ دیں گے اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل کریں گے۔



















