ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی اور نجیب ہارون سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو میں رؤف صدیقی نے کہا کہ فیصل واوڈا کو سپورٹ کرنےکا پارٹی کا فیصلہ ٹھیک ہے، فیصل واوڈا کے ساتھ بہت اچھے تعلقات رہے ہیں البتہ وہ ایم کیوایم کےامیدوار ہیں کہ نہیں یہ ان ہی سے پوچھا جائے۔
دوسری جانب نجیب ہارون نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کا پہلا صدر تھا، 2018 میں الیکشن لڑا، 20 ماہ بعد پتا چلاپارٹی راستے سے بھٹک رہی تھی اس لیے مستعفی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 6 جنوری سے ایم کیو ایم کے ساتھ ہوں۔
خیال رہے کہ 2 اپریل کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ جمع کرانے اور دستبردار ہونے کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان نے مختلف آپشنز پر غور کرنے کے بعد حتمی فیصلے کر لیے ہیں۔
ایم کیو ایم کی ایڈہاک کمیٹی نے طویل مشاورت کے بعد سینیٹ انتخابات کے لیے سندھ کی جنرل نشست پر عامر چشتی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ جبکہ فیصل واڈا کو بطور آزاد امیدوار سپورٹ کیا جائے گا۔



















