گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے شہر قائد میں 9 ویں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کمیونٹی پولیسنگ منصوبہ کے تحت شہر قائد کے 9 ویں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا ڈیفنس پولیس اسٹیشن میں افتتاح کردیا ہے۔
اس سے قبل عزیز آباد ، نارتھ ناظم آباد ، ناظم آباد، ملیر سٹی ، سولجر بازار ، نیو سبزی منڈی ، نیپئر اورگزری کے تھانوں میں بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم کئے جا چکے ہیں۔
ڈیفنس پولیس اسٹیشن پروجیکٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں پر جدید ترین کیمرے نصب کئے جارہے ہیں جس سے جرائم کی واضح تصاویر اور ویڈیوز حاصل ہوسکیں گی.
اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے یہ شہر کے ہر تھانے میں ہونا چاہئے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے اسے کنٹرول ہونا چاہئے، ڈکیتی مذاحمت پر قتل ہونے والے رائیڈر علی رہبرجیسے واقعات افسوسناک ہیں۔
افتتاحی تقریب میں کراچی کمیونٹی پولیس کے سربراہ مراد سونی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ کمانڈ اینڈ کنڑول روم کے تحت جہاں جہاں کیمرے نصب کئے گئے ہیں وہاں پر جرائم کی شرح میں 40 سے 50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔



















