اسلام آباد: نگران حکومت جانے کے بعد پہلے ہی مہینے برآمدات میں کمی اور تجارتی خسارہ بڑھ گیا۔
نئی حکومت کے پہلے مہینے ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 1.08 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ فروری کے مقابلے مارچ میں تجارتی خسارہ 24.56 فیصد بڑھ گیا۔
ادارہ شماریات نے تجارتی اعدادو شمارجاری کردیے ہیں جب کہ مارچ میں ماہانہ بنیادوں پردرآمدات میں 9.25 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 56.30 فیصد کا اضافہ ہوا، مارچ میں سالانہ بنیادوں پر درآمدات 25.86 فیصد بڑھیں، مارچ میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 7.99 فیصد کا اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ جولائی تا مارچ برآمدات میں 8.93 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں تجارتی خسارہ 24.94 فیصد کم ہوا جب کہ جولائی تا مارچ درآمدات میں 8.65 فیصد کمی ہوئی جب کہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں برآمدات کا حجم 22 ارب 91 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا۔
رپورٹ کے مطابق اسی عرصے میں تجارتی خسارے کا حجم 17 ارب ڈالرز سے زائد رہا، جولائی تا مارچ درآمدات کا حجم 39 ارب 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا جب کہ مارچ 2024 میں برآمدات کا حجم 2 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ ماہ تجارتی خسارہ 2 ارب 17 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہا، مارچ میں درآمدات کا حجم 4 ارب 72 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا۔



















