اسلام آباد: اسرائیل کے خلاف سفارتی محاذ پر پاکستان کو بڑی کامیابی مل گئی ہے، جنینوا، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اسرائیل کے خلاف پاکستان کی قرارداد منظور کر لی۔
پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے اسرائیل کے خلاف قرارداد ہیومن رائٹس کونسل میں پیش کی تھی، تاہم قرارداد کے حق میں 28 اور مخالفت میں 6 ووٹ ڈالے گئے، یو این ہیومن رائٹس کونسل میں قرارداد پر 13 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
8 صفحات پر مشتمل قرارداد میں غزہ میں نسل کشی کی صورتحال کو جنم دینے پر پاکستان نے اسرائیل کے خلاف اسلحے کی خریداری پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ قرارداد میں غزہ کے گنجان آباد علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے تباہ کن ہتھیاروں کے استعمال کی بھی مذمت کی گئی۔
پاکستان نے او آئی سی کے 56 میں سے 55 ممالک کی جانب سے قرارداد کونسل میں پیش کی جبکہ پاکستانی قرارداد کے مسودے کو بولیویا، کیوبا اور فلسطینی مشن کی حمایت بھی حاصل ہوئی۔
قرارداد میں اسرائیل سے فلسطینی علاقوں پر قبضہ چھوڑنے اور غزہ کی پٹی کی غیر قانونی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ قرارداد میں اسرائیل کو اسلحے کی فروخت یا فراہمی روکنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ کی صورتحال کے تناظر میں یہ پہلا موقع ہے جب یو این ہیومن رائٹس کونسل کی جانب سے ایک واضح پوزیشن سامنے آئی ہے۔















