Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اظہر محمود نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلیے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہرمحمود نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر کردیے گئے ۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان منگل کے روز لاہور میں ہوگا۔ ممکنہ طور پر 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔

قومی ٹیم کے سابق بولنگ کوچ اظہر محمود کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے جب کہ وہاب ریاض سینئر ٹیم منیجر اور منصور رانا ٹیم منیجر ہوں گے۔

خیال رہے کہ اظہر محمود اس سے قبل بھی پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں، اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ بطور بولنگ کوچ وابستہ ہیں۔

اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے محمد یوسف بیٹنگ کوچ اور سعید اجمل اسپن بولنگ کوچ مقرر کیے گئے ہیں۔

اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اظہر محمود اسسٹنٹ کوچ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، باقاعدہ اعلان رسمی کارروائی مکمل کرنے کے بعد 20 اپریل کے بعد ہی کیا جائے گا۔ سابق آل راؤنڈر وائٹ بال کرکٹ میں گیری کرسٹن اور ریڈ بال میں جیسن گلیسپی کی معاونت کریں گے۔

پی سی بی نے اسسٹنٹ کوچ کے لیے دو روز قبل ہی اسسٹنٹ کوچ کے لیے اشتہار جاری کیا تھا، درخواستیں جمع کرانے کے لیے آخری تاریخ 20 اپریل مقرر کی گئی۔

واضح رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز 18 سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی۔

متعلقہ خبریں