ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی کی جانب سے حوالہ ھنڈی، منی لانڈرنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں آن لائن جوا ایپلیکیشن استعمال کرنے میں ملوث خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان آن لائن جوا(قمار بازی) ایپلیکیشن “ڈائمنڈ ایکسل” سے حاصل شدہ غیر قانونی آمدن اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کررہے تھے جب کہ ملزمان کو اس ضمن میں بینک افسران کی معاونت اور سہولت کاری حاصل تھی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے بینک اکاؤنٹس ان کی ظاہر شدہ آمدنی اور اثاثوں سے مطابقت نہیں رکھتے تھے، ملزم اعظم بیگ نے جرم سے حاصل شدہ آمدنی سے اپنی زوجہ کے لیے ایک مکان بھی خریدا جس کی ادائیگی مشتبہ بینک اکاؤنٹ سے کی گئی۔
ترجمان ایف آئی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں شجاعت علی خان اور رباب خان زوجہ اعظم بیگ شامل ہیں جب کہ نامزد ملزم اعظم بیگ ودیگر ملزمان اور بینک افسران کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔



















