Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

’مریم نواز کا مشن ہے عوام کو سستی روٹی اور سبزیاں ملیں’

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو گالم گلوچ برگیڈ کی نہیں پنجاب کے 11 کروڑ عوام کی فکر ہے، عوام نے ہمیں مینڈیٹ مسائل کے حل کے لیے دیا انکے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ایک ہفتے کے دوران پیاز 29 روپے،ٹماٹر 24 روپے اور آلو 22 روپے سستے ہوئے ہیں، باقی سبزیوں کی قیمتوں میں بھی 15 سے 20 روپے تک کمی ہوئی ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پھلوں کی قیمتوں میں کمی واقع ہو رہی ہے، یہ پنجاب کی تمام اضلاع کی انتظامیہ کی بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور ٹیمیں صوبے بھر میں متحرک ہیں، سرکاری ریٹ لسٹ پر عمل درآمد کروانا سب سے بڑا ٹاسک ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس کے لیے تمام ڈی سی،اے سی اور کمشنر روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کے دورے کریں، مریم نواز پنجاب کا مشن ہے عوام کو سستی روٹی اور سستی سبزیاں ملیں کیوں کہ عام آدمی کی بنیادی ضروریات میں روٹی اور سبزیاں ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سبزی اور روٹی کی قیمت عام آدمی کی پہنچ کے مطابق ہی ہونی چاہیے، ہماری وزیراعلی پیاز اور ٹماٹر کی قیمت مقرر کرنے بھی آئی اور عوام کو سستی اشیاء خرد و نوش فراہم کرنے بھی آئیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کا مشن ہے عوام کو سستی روٹی اور سستی سبزیاں ملیں، مریم نواز عام آدمی کی آواز ہیں ان کا مشن خواتین اور نوجوانوں کی زندگیوں میں آسانیاں لانا ہے، مریم نواز کو گالم گلوچ برگیڈ کی نہیں پنجاب کے 11 کروڑ عوام کی فکر ہے، عوام نے ہمیں مینڈیٹ مسائل کے حل کے لیے دیا انکے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

متعلقہ خبریں