Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چینی برآمد کرنے کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے، شوگر ملز ایسوسی ایشن

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ چینی برآمد کرنے کے حوالے سے جلد از جلد فیصلہ لینا چاہیئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پنجاب زون)کے ترجمان نے کہا ہے  کہ حکومت کو چینی کی برآمد کے حوالے سے جلد از جلد کوئی فیصلہ لینا چاہیئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اضافی چینی کی برآمد کے حوالے سے ایک مؤثر اور مستقل پالیسی بنانی چاہیئے۔

شوگر ملز پنجاب کے ترجمان کے مطابق حکومت کے ساتھ بارہا میٹنگز میں یہ بات اُن کے علم میں لائی گئی ہے کہ  شوگر ملوں کے پاس اس وقت 15 لاکھ ٹن اضافی چینی کا اسٹاک موجود ہے۔

ترجمان کے مطابق جب سے حکومت کے ساتھ مذاکرات ہو رہے ہیں اگر تب برآمد کی اجازت دے دی جاتی تو تب انٹرنیشنل مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں 700 ڈالر فی ٹن سے اوپرتھیں۔

ترجمان نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ چینی کے نرخ 553 ڈالر فی ٹن تک گر چکی ہیں جس سے ملک کیلئے زیادہ زرمبادلہ حاصل کرنے کے مواقع کم ہو رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اگلے سال بھی کسانوں کا 20 فیصد زائد رقبے پر گنا کاشت کرنے کا رجحان ہے جس سے چینی بھی زیادہ بنے گی۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کے ترجمان نے مزید کہا کہ شوگر انڈسٹری بغیر کسی سبسڈی کے اضافی  چینی برآمد کر سکتی ہے اور ملک کیلئے کثیر زرمبادلہ حاصل کر سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں