پشاور میں بلدیاتی نمائندوں نے خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے اپنے بلدیاتی نمائندے بھی اختیارات اور فنڈز نہ دینے پر پھٹ پڑے۔
بلدیاتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ دو سالوں سے صوبائی حکومت نے اختیارات اور فنڈز غصب کر رکھے ہیں، ٹک ٹاکروں کے لئے فنڈز ہیں ہمارے لیے نہیں۔
پشاورکے بلدیاتی نمائندوں نے سرکاری دفاتر کو تالے لگا کر صوبائی حکومت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دو سال سے فنڈز اور اختیارات کے لیے خوار ہو رہے ہیں، صوبائی حکومت نے ائین میں ترمیم کرکے ہمارے اختیارات ختم کردیئے ہیں۔
احتجاج میں تحریک انصاف کے بلدیاتی نمائندوں نے بھی شرکت کی اور اپنی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات نہ مانے گئے تو سات مئی کو صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دینگے۔
بلدیاتی نمائندوں کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کے دعوے بہت کئے لیکن اب ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔



















