اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پارٹی انتخابات کے بغیر جنرل کونسل، مرکزی مجلس عاملہ کے انتخاب اور اجلاسوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا کہ 5 سال سے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن ہی نہیں ہوئے تو مختلف پارٹی تنظیمیں کیسے کام کر رہی ہیں، تحریک انصاف کی کوئی باڈی نہیں بچی، نہ ہی کوئی انتخابی نشان ہے۔
الیکشن کمیشن کے زرائع نے کہا کہ مسلسل الیکشن ایکٹ کے سیکشن 208 کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، کیوں نہ پارٹی کے خلاف کارروائی کی جائے۔
الیکشن کمیشن نے سوال اٹھایا کہ جب باڈیز ہی نہیں تو جنرل باڈی کا اجلاس کیسے بلایا جا سکتا ہے؟ جنرل باڈی کے تحت کیسے چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا جا سکتا ہے؟۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے تحفظات پر تحریری طور پر جواب طلب کرلیا ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف انٹراپارٹی الیکشن کے خلاف درخواستگزاروں کے تحفظات پر بھی جواب مانگ لیا ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن تحریری جواب آنے پر سماعت مقرر کرے گا۔



















