Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب میں فصل کی باقیات جلانے پر پابندی عائد

لاہور: پنجاب حکومت نے فصل کی باقیات (موجنی) جلانے پر پابندی عائد کردی جب کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

صوبہ پنجاب میں اسموگ سے نجات اور ’ایئر کوائلٹی انڈیکس‘ کو بہتر بنانے کے لیے زراعت میں تاریخی میگا پروگرام پر عمل درآمد کرنے کا آغاز کردیا گیا۔

کسانوں کو فصل کی باقیات کو تلف کرنے کےلئے جدید مشینری دینے کا بھی آغاز کردیا گیا ہے، بغیر آگ لگائے فصلوں کی باقیات تلف کرنے اور چاول کاشت کرنے والی مشینوں کی فراہمی پر پنجاب حکومت 60 فیصد سبسڈی دے گی۔

پنجاب میں فصل کی باقیات (مونجی) جلانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پنجاب کے کسانوں کو 5 ہزار اسپرسیڈر اور 2 ہزار راٸس سپرشریڈر کی فراہمی کے عمل کا آغاز ہوگیا۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کسانوں سے درخواستوں کی وصولی شروع، درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 7 مٸی تک توسیع کردی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کسان دوست اور ماحول دوست وژن کے تحت پروگرام کے لئے 5 ارب روپے مختص کر دیے گئے ہیں جب کہ مونجی کو آگ لگانے سے اسموگ اور موت کا باعث بننے والی مہلک بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سبسڈی دینے کا مقصد کسانوں کی مدد ہے تاکہ وہ فصلوں کی باقیات نہ جلائیں، عوام کی جان محفوظ ہو اور اسموگ سے بھی نجات ملے، پہلے مرحلے میں پروگرام کا اطلاق پنجاب کے سب سے زیادہ اسموگ کا شکار 21 اضلاع میں کیا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ان اضلاع میں گوجرانوالہ، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ،ساہیوال، نارووال، پاکپتن، اوکاڑہ، حافظ آباد، فیصل آباد، وہاڑی، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، منڈی بہاٶالدین، جھنگ، ملتان، لاہور، چنیوٹ اور لودھراں شامل ہیں۔

تحقیق کے مطابق دھوئیں سے ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ میں 58 فی صد حصہ فصل کی باقیات سے پیدا ہونے والے دھوئیں کا ہوتا ہے۔

تحقیق میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 35 لاکھ ٹن فصل کی باقیات جلانے سے پیدا شدہ دھواں اسموگ اور ماحولیاتی چیلنج پیدا کرتا ہے جن سے لوگ خاص طور پر بچے جان لیوا بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی بتایا کہ جدید زرعی مشینری پر سبسڈی سے کسان کو مشقت، ماحول کو زہریلے دھوئیں، عوام کو بیماریوں اور تکلیف سے نجات ملے گی، فصل کی باقیات جلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی اقدامات سے پنجاب میں جدید فارمنگ کا سفر آگے بڑھے گا، خطے کے مجموعی ایکو سسٹم پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

متعلقہ خبریں