پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے لیے شیر افضل مروت کی جگہ شیخ وقاص اکرم کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب اور شبلی فراز نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلایا، اجلاس میں شیر افضل مروت کا نام واپس لینے کے لیے ووٹنگ کرائی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ شیر افضل مروت کے حق میں اسد قیصر، شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار اور زلفی بخاری نے ووٹ دیا جب کہ عمر ایوب اور شبلی فراز نے وقاص اکرم کا نام تجویز کیا۔
بعد ازاں پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے چیئرمین پی اے سی کے لیے وقاص اکرم کے نام کی منظوری دے دی۔ سیاسی کمیٹی شیر افضل مروت کا نام واپس لینے کے فیصلے سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کرے گی۔
پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کے اس فیصلے کے بعد شیر افضل مروت اور سربراہ سنی اتحاد کونسل حامد رضا دونوں ہی چیئرمین پی اے سی بننے کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے شیرافضل مروت کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لئے نامزد کیا تھا تاہم تاہم پارٹی کے اندر ان کے نام پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔
چند روز قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اعلان کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو ہی چیئرمین پی اے سی نامزد کیا ہے۔



















