Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن کمیشن کا مخصوص نشستوں پر ارکان کو ڈی نوٹیفائی نہ کرنے کا فیصلہ

مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پرارکان کوڈی نوٹیفائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے لا ونگ نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنی رائے دے دی۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے  پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار نہیں دیا بلکہ سپریم کورٹ نےالیکشن کمیشن اورپشاورہائیکورٹ کافیصلہ معطل کیا ہے اور سپریم کورٹ کے حکم کے عین مطابق عملدرآمد کیا جائے گا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق رکنیت معطل کی جاسکتی ہے تاہم ڈی نوٹیفائی کا حکم نہیں۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر لا ونگ سے رائے طلب کی تھی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے وزارت قانون سے بھی رائے لینے کا امکان ہے اور اس حوالے سے لا ونگ کی تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس پیر کو ہو گا جب کہ الیکشن کمیشن لا ونگ کی رائے کی روشنی میں حتمی فیصلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا تھا۔

متعلقہ خبریں