Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چکی مالکان نے کمشنر کراچی کے مقرر کردہ ریٹ مسترد کردیے

چکی مالکان نے کمشنر کراچی کی جانب سے مقرر کردہ ریٹ کو یکسر مسترد کردیا۔ 

کراچی میں ہٹ دھرمی کے ساتھ چکی مالکان آٹا 140 روپے میں فروخت کررہے ہیں حالانکہ کمشنر کراچی نے چکی آٹے کی سرکاری قیمت 123 روہے مقرر کی ہے۔

کمشنر کراچی کی جانب سے ایکس فلور ملز فائن آٹے کی قیمت 117 روپے کلو مقرر کی گئی ہے اور ہول سیل فائن آٹا 120 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے جب کہ ریٹیل فائن آٹا 125 روپے کلو فراہم کیا جائے۔

کمشنر کراچی نے ہدایت دی کہ چکی کا آٹا 123 روپے کلو کے حساب سے فروخت کیا جائے اور ڈھائی نمبر آٹا 98 روپے کلو فروخت کیا جائے۔

دوسری جانب کراچی انتظامیہ نے سرکاری قیمت پر عمل درآمد نہ کرنے پر 3 تندور سیل کردیے۔

ترجمان کمشنر کراچی نے بتایا کہ کمشنر سید حسن نقوی کی ہدایت پر روٹی کی سرکاری قیمت کی خلاف ورزی پر کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سرکاری قیمت پر نان اور چپاتی فروخت نہ کرنے پر 3 تندور سیل کیے گئے ہیں جس میں2 تندور کھڈا مارکیٹ اور ایک چاند بی بی روڈ پر سیل کیا گیا۔

اس کے علاوہ کشمنر کراچی نے نان بائیوں کو بھی سرکاری نرخ کی پابندی کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ عمل درآمد نہ کرنے پر کارروائی کی جائیگی۔

متعلقہ خبریں