Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سنگین جرائم میں مطلوب 2 اشتہاری ملزمان ابوظہبی سے گرفتار

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے انٹرپول نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین جرائم میں مطلوب 2 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا، اشتہاری ملزمان پنجاب پولیس کو قتل اور اغواء کے مقدمے میں مطلوب تھے، ملزمان میں محمد سلمان اور وجی الحسن شامل ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کو ابوظہبی سے گرفتار کر کے لاہور ائرپورٹ منتقل کر دیا گیا، ملزمان سال 2021 اور 2023 میں قتل اغواء کر کے بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم محمد سلیمان کے خلاف تھانہ رنگپورہ جبکہ ملزم وجی الحسن کے خلاف تھانہ صدر سیالکوٹ میں مقدمات درج تھے، ملزمان کے خلاف قتل اور اغواء کی دفعات کے تحت مقدمے درج تھے۔ ایف آئی اے NCB انٹرپول پاکستان نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کئے تھے۔

بعد ازاں ملزمان کو لاہور ائرپورٹ پر متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا گیا، ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔

ترجمان ایف آئی اے نے مزید کہا کہ این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انتھائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لئے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔

متعلقہ خبریں