Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہدائے وطن کی یاد میں الحمرا آرٹس کونسل میں شاندار تقریب

لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل میں شہدائے وطن کے حوالے سے ایک  شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

الحمرا آرٹس کونسل میں ہونے والی شاندار تقریب کیپٹن سلمان سرور شہید ستارہ بسالت کی 11 ویں برسی پر ایک سیمینار کے طور پر منعقد کی گئی جس کا عنوان ’’شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے‘‘ تھا۔

اس سیمینار میں شہدائے وطن کے لواحقین، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ستارہ بسالت کا اعزاز پانے والے کیپٹن سلمان سرور نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

اس تقریب میں شہدائے اے پی ایس پشاور کے لواحقین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں گلوکارہ شازیہ منظور اور سائرہ طاہر نے ملی نغمے پیش کیے اور شہیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں مقررین نے شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کیا اور دھرتی ماں کے تقدس اور بقا کے لیے ان کی لازوال قربانیوں پر اظہار تشکر کیا۔

تقریب میں مقررین نے ناقابل تسخیر قوم کو خراج تحسین پیش کیا اور شہدا کی قربانیوں،غازیوں کی جانثاری کو ملکی بقا اور سلامتی کی وجہ قراردیا۔

مقررین نے کہا کہ قوم کے بلند عزم و ہمت اور جذبہ ایثار کے باعث پاکستان ناقابل تسخیر ہے اور رہے گا۔

شہدا کے ورثا نےعظیم شہیدوں اور وطن عزیز کے لیے اپنے جذبات کا اظہارکیا اور کہا کہ ہر 9 مئی کے بعد 14 مئی جیسے دن آتے رہیں گے اور وطن کے جانباز اپنی جانیں دھرتی ماں پر نثار کرتے رہیں گے۔

شہدا کے ورثا کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم کو اپنے شہیدوں اورغازیوں پر فخر ہے، مٹھی بھر بھٹکے ہوئے لوگ قوم کی نمائندگی ہر گزنہیں کرتے۔

متعلقہ خبریں