Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ پولیس کی خالی اسامیوں پر جسمانی ٹیسٹ کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس

سندھ پولیس میں خالی اسامیوں میں بھرتی کے لیے امیدواروں کے جسمانی ٹیسٹ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرصدارت سندھ ہولیس میں خالی آسامیوں پر امیدواروں کے جسمانی ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،ڈی آئی جیز،اسپیشل برانچ، جبکہ حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیرآباد نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی

ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ نے اجلاس کو پولیس ریکروٹمنٹ کے ضروری مراحل،خالی آسامیوں، موصول ہونیوالی درخواستوں اور جسمانی ٹیسٹ کے انتظامات کے بارے میں بتایا۔

ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کے مطابق سندھ کے محکمہ پولیس میں 11108 پولیس اہلکاروں کی خالی اسامیوں کے لیئے مجموعی طور پر 02 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔

اجلاس میں ڈی آئی جی اسٹبلشمنٹ نے بتایا کہ جسمانی ٹیسٹ کا آغاز صوبائی سطح پر 23 مئی 2024 سے پولیس رینجز میں ہوگا۔

اجلاس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ہدایت کی کہ جسمانی ٹیسٹ کے لیئے منتخب کردہ تمام مراکز پر امیدواروں کے لیے بجلی، پینے کے صاف پانی، طبی امداد، ایمبولینس کی دستیابی ودیگرضروری سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ گرمی کی شدت،ہیٹ ویو کے پیش نظر دوپہر کی اوقات میں ٹیسٹ ہر گز نہ لیا جائے اور ٹیسٹ کے تمام مراکز میں سی سی ٹی وی کیمراز کی تنصیب کے اقدامات کیئے جائیں۔

آئی جی سندھ پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس ریکروٹمنٹ کے تمام مراحل کے ریکارڈ کی دستیابی کو لازمی بنایا جائے اور جسمانی،رننگ ٹیسٹ کے نتائج ویب سائٹ پر جاری کردیئے جائیں۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ ٹیسٹ مراکز میں بہترین اور معیاری انتظامات پر افسران اور ان کی ٹیم کو کیش ریوارڈز اور تعریفی اسناد دی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں