بلوچستان کے ضلع ژوب میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے پاک فوج کے میجر بابر خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز 16 مئی کو بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں میں دہشت گردی کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر بابر کی نمازجنازہ ژوب کینٹ میں ادا کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی اور سول افسروں، عوام اور سول انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید میجر بابر خان کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی شہر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ میجر بابر نیازی شہید کا تعلق ضلع میانوالی سے ہے، میجر بابر نیازی شہید نے 2012 میں پاکستان آرمی کی پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، میجر بابر نیازی شہید اس وقت فرنٹیر کور بلوچستان نارتھ میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے، انہوں نے سوگواران میں بیوہ ، ایک 3 سالہ بیٹا اور والدین چھوڑے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی دہشت گردی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہمارے بہادر بیٹوں کی یہ قربانیاں دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کے ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں، مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔















