جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پنجاب ہتک عزت بل 2024 کو سیاہ قانون قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
صحافتی تنظیموں نے ہتک عزت بل 2024ء کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں اس قانون کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ورچوئل اجلاس میں پی بی اے، اے پی این ایس، ای پی این ای، پی ایف یوجے اور ایمنڈ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر منظور کیے جانے والے اس بل کو ڈریکونین قانون قرار دیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی سیای جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور دیگراسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرکے اپنی جدرجہد کو آگے بڑھائے گی۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پنجاب ہتک عزت بل کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج بھی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کوریج کی بائیکاٹ، احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں سمیت ہر آپشن پر مرحلہ وار عملدرآمد ہوگا۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے واضح کیا کہ صحافتی تنظیمیں قانون بنانے کے خلاف نہیں لیکن قانون سازی سے پہلے اسیٹک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔



















