وزیراعظم کی زیرصدارت اقتصادی مشاورتی کمیٹی کاپہلااجلاس منعقد ہوا جس میں اقتصادی پالیسیوں، اصلاحات میں اقتصادی ماہرین ونجی شعبے سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔
اقتصادی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کی معاشی صورتحال پہلے سے بہترہے، ملکی معاشی ترقی، روزگارکی فراہمی کے مشن پرکام کررہے ہیں، کاروباروسرمایہ کاری کیلئے نجی شعبے کوسہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں سےملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آرہی ہے، مہنگائی میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے کے اقدامات کررہے ہیں، اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان پالیسیوں پراعتمادکی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بجٹ میں کاروباری برادری کومزیدسہولیات فراہم کریں گے، ٹیکس شرح کم کرکے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ کریں گے، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئےترجیحی بنیادوں پراقدامات کررہےہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کسانوں کومعیاری بیج اوروقت پرکھادفراہم کریں گے، زرعی پیداوارکوضائع ہونے سے بچانے کیلئے چھوٹی صنعت کوفروغ دینگے۔



















