عمر ایوب نے کہا ہے کہ حماداظہر یا میاں اسلم سے کوئی بیان دلوایا گیا اسے نہیں مانیں گے، یہ دونوں صاحبان پی ٹی آئی کا حصہ تھے اور رہیں گے۔
راولپنڈی میں اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی عمرایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر فسادات کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکالا جائے، بانی پی ٹی آئی کی کال پر شدید احتجاج کریں گے۔
عمر ایوب نے کہا کہ اب کسی کو بھی غائب کیا گیا تو شدید احتجاج کریں گے، ماضی میں بھی فرد واحد کے فیصلے سے ملک دولخت ہوا، کسانوں کی تیار فصل نہیں خریدی جا رہی، 450ارب روپے کی گندم امپورٹ کی گئی، پارٹی کی خواتین رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے۔
قائدِ حزِ اختلاف نے کہا کہ پارٹی کی گرفتار خواتین کےلیے ہر فورم پر قانونی جنگ لڑیں گے، بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات ہوئی ہے، تحریک تحافظ آئین پاکستان کے تحت جلسے ہوتے رہیں گے، ملک کی معیشت ڈگمگارہی ہے، حماداظہریامیاں اسلم سےکوئی بیان دلوایاگیااسےنہیں مانیں گے۔
عمرایوب نے کہا کہ حماد اظہر اور میاں اسلم قانونی کارروائی کے بعد باہر آئیں، یہ دونوں صاحبان پی ٹی آئی کا حصہ تھے اور رہیں گے، زوراور زبردستی سے لیاگیا کوئی بھی بیان نہیں مانیں گے، اسمبلی کے اندراپنااحتجاج جاری رکھیں گے، پرامن احتجاج کی خاطر سڑکوں پر بھی آئیں گے۔



















