وزیرِ اعظم محمد شہبازشریف نے سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ متحدہ عرب امارات کے صدرنے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرادی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہبازشریف اور متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ابوظہبی میں ملاقات ہوئی۔
نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ ملاقات میں شریک تھے۔
وزیرِاعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ شیخ طحنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کی وفات پر تعزیت کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات بشمول سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔
وزیرِاعظم شہبازشریف نے پاکستان کی متحدہ عرب امارات کے ساتھ شراکت داری بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرِاعظم نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں توانائی، پورٹ آپریشنز منصوبوں، غذائی تحفظ، مواصلات، معدنیات، بینکنگ اور مالیاتی سروسز کے شعبے میں سرمایہ کاری پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہارکیا۔
اس سے قبل دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران وزیراعظم سے ڈی جی ابوظہبی فنڈ فارڈویلپمنٹ سیف السویدی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان تعاون کے فروغ پرگفتگو ہوئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے حکومت کی معاشی استحکام کیلئے اصلاحاتی اقدامات پرروشی ڈالی، انھوں نے کہا کہ پاکستان اوریواےای کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، شیخ محمدبن زایدالنہیان کےشکرگزارہیں ہمیشہ مشکل وقت میں مددکی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری میں اضافےکیلئےاقدامات کررہی ہے، سرمایہ کاروں کی سہولت کےلیےنجی شعبےکی ترقی یقینی بنارہےہیں، اماراتی پاکستانی کمپنیوں کےدرمیان تعاون سےتجارتی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نےابوظہبی فنڈفارڈویلپمنٹ کےوفدکودورہ پاکستان کی دعوت دی۔
یہ خبر بھی پڑھیں؛ ’’یو اے ای کے ساتھ مل کر پاکستانی معیشت کو درست کرنا چاہتے ہیں‘‘



















