پاکستانی خاتون اینکر اور میراتھن رنر مونا خان کو یونان کی جیل سے رہائی مل گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کی مسلسل کوششوں سے پاکستانی شہری مونا خان کو رہا کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستانی سفارت خانے نے خاتون اینکر مونا خان کی گرفتاری کا معاملہ ایتھنز میں یونانی حکام کے ساتھ اٹھایا، جس کے بعد قونصلر رسائی دی گئی اور پاکستانی سفارت خانے نے مونا خان کی گرفتاری کی وجوہات معلوم کیں، سفارت خانہ خاتون اینکر کے کوچ ملک یوسف سے بھی رابطے میں رہا۔
اینکر کے کوچ ملک یوسف نے کہا کہ مونا خان 2 روز قبل ہائیکنگ کے ایونٹ میں شرکت کے لیے ایتھنز پہنچی تھیں، انہیں گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا ہے اور پیر کو عدالت میں پیش کیا جانا تھا۔
واضح رہے کہ خاتون ایتھلیٹ و صحافی مونا خان کو پاکستانی پرچم لہرانے پر گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔



















