وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم نہ ہوتے تو آج ہم اس مقام پر نہیں پہنچتے لیکن لیپ ٹاپ کی تقسیم پر ایک سیاستدان نے ہمارا مذاق اڑایا۔
نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیے لیکن ہمارا مذاق اڑایا گیا، یہ لیپ ٹاپ میرٹ پر پورے اترنے والے ہر طالب علم کو دیا گیا ، چاہے اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ سے یہ سوچ رکھتے ہیں کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ یہ نوجوان ہیں، اگر پاکستان کا مستقبل محفوظ کرنا ہے تو نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بہترین تعلیم اور اسکلز دے کر تیار کرنا ہے.
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے نوجوانوں میں عدم برداشت، گالم گلوچ، انتشار اور محاذ آرائی کا کلچر فروغ نہیں دیا بلکہ انہیں پڑھائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور بہترین تربیت کے مواقع دیے جس کا ثبوت یہ نارووال کی یہ یونیورسٹی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں پر وہ طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہیں جن کے والدین ان کی پڑھائی کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتے تھے یا پھر وہ انہیں تعلیم کے لیے دوسرے شہر نہیں بھیجنا چاہتے ہیں، ہم نے نارووال کو علم کی بستی بنانے کا مشن شروع کیا کہ یہاں کا کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔



















