اسلام آباد: 149 پروازوں سے 35 ہزار سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے۔
149 پروازوں سے 35 ہزار سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جب کہ مدینہ منورہ میں پری حج پروازوں کا سلسلہ گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگیا ہے، 9 جون تک تمام پروازیں جدہ اتریں گی۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق نجی حج اسکیم کے ذریعے 32 سو 46 عازمینِ حج بھی سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، سعودی حکام کے خصوصی تعاون سے مدینہ منورہ میں 20 ہزار 50 عازمینِ حج کو زیارتِ ریاض الجنہ کروادی گئی ہے۔
مدینہ منورہ میں شعبہ گمشدگی و بازیابی نے گم ہونے والے 530 بیگز تلاش کرکے مالکان کے حوالے کردیے ہیں۔
مدینہ منورہ میں راستہ بھولنے والے 61 عازمینِ حج کو تلاش کرکے ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا گیا، شعبہ شکایات نے مدینہ منورہ میں خوراک کی 304 اور ٹرانسپورٹ کی 38 شکایات کا ازالہ کیا۔
مکہ مکرمہ میں 197 بیگز کو تلاش کیا گیا جب کہ راستہ کھونے والے 17 عازمینِ حج کو رہائش گاہوں تک پہنچایا گیا، حرم مکہ میں داخلی راستوں پر تعینات حرم گائڈز نے اب تک 45 سو عازمینِ حج کو رہنمائی فراہم کی۔



















