اسلام آباد میں جعلی ٹیکنیکل ڈگریوں کے اجراکے معاملے میں ایف آئی اے نے غیرقانونی اداروں کے3مالکان کوگرفتارکرلیا۔
اسلام آباد میں جعلی ٹیکنیکل ڈگریوں کےاجراکے معاملے پرایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی کارروائیاں، جعلی اور غیر رجسٹرڈ ٹیکنیکل ڈگریوں کے اجرا میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔
ترجمان ایف آئی کے مطابق غیرقانونی اداروں کے 3 مالکان کوگرفتارکرلیاگیا، ماڈرن انسٹی ٹیوٹ آف انفورمیٹکس میں کارروائی کی گئی، جوہرانسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اسلام آبادمیں کارروائی کی گئی اورانٹرنیشنل کالج آف ایجوکیشن کے نام سے بنائے گئے اداروں میں کارروائی کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چھاپہ مارکارروائیوں میں مذکورہ انسٹی ٹیوٹ کےمالکان کوگرفتارکرلیاگیا۔ گرفتارملزمان میں ذیشان زاہد، عمر فاروق اوراحسن الدین شامل ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کوراولپنڈی اوراسلام آباد سے گرفتارکیاگیا، ملزمان نے شہریوں کوجعلی ٹیکنیکل سرٹیفکیٹ، کارڈزجاری کیے، ملزمان جعلی اورغیررجسٹرڈ تعلیمی ادارےچلارہےتھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ انسٹی ٹیوٹ میں جعلی ڈپلومہ، ڈگریاں جاری کرنےمیں ملوث تھے، ملزمان مختلف اخبارات، سوشل میڈیا پرداخلے کے اشتہارات لگاتے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ جعلی ڈگریاں، سرٹیفکیٹ، ڈپلومے بنانے والے آلات برآمد کر لیے گئے، ملزمان سے جعلی مہریں، ڈپلومہ اسٹیکرز، لیٹرہیڈز بھی برآمد کیے گئے۔ ملزمان سےایمبوزڈمشین بھی برآمدکرلی گئی۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ دیگرملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ڈائریکٹراسلام آباد زون کی جانب سے ٹیم کی کاوشوں کوسراہا گیا۔ غیرقانونی اداروں کے خلاف بلاامتیازکارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔



















