کراچی: اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے وفاقی حکومت سے کے الیکٹرک کو لگام ڈالنے کا مطالبہ کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک کیا کوئی شجر ممنوعہ ہے کیا؟، کے الیکٹرک کےخلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں ہوتی؟۔
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی بدمعاشی نہیں چلنے دیں گے، کے الیکٹرک کے افسران کی وجہ سے کنڈوں سے بجلی دی جاتی ہے جب کہ سرجانی ٹاؤن کے عوام اپنا حق لینا جانتے ہیں۔
علی خورشیدی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کے الیکٹرک کو لگام دے جب کہ عوام کے مسائل کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
رہنما ایم کیوایم کا کہنا تھا کہ اس شہر میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے، کے الیکٹرک وائس رائے الیکٹرک بن گیا ہے، کسی ایک علاقے میں نہیں پورے شہر میں بدمعاشی کی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کو عوامی مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں، جو بجلی چوری کررہا ہے اسے پکڑیں، پورے علاقوں کی بجلی بند کردینا یہ کون سی انسانیت ہے۔



















