وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے مقررہ وقت میں پاسپورٹ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سینٹرز کا دورہ کیا، انہوں نے متعلقہ حکام کو اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دے دیا، جب کہ نارمل پاسپورٹ 30 دن میں جاری ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاسپورٹ کے اجرا کی پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا، پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے پاسپورٹ کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ سیل بھی قائم کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اگر پاسپورٹ وقت پر جاری نہیں ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
اس سے قبل اوورسیزپاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 4 ماہ اور ارجنٹ پاسپورٹ ڈیڑھ ماہ میں مل رہا تھا۔



















