Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد سے تینوں ارکان قومی اسمبلی نے الیکشن ٹربیونل پر اعتراضات عائد کردیے

اسلام آباد: شہر اقتدار سے مسلم لیگ ن کے تینوں ارکان قومی اسمبلی نے الیکشن ٹربیونل پر اعتراضات عائد کردیے ہیں۔

الیکشن ٹربیونل کی تبدیلی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواستیں جمع کروا دی گئیں ہیں جب کہ اسلام آباد سے منتخب تینوں ارکان نے موجودہ الیکشن ٹربیونل کی شفافیت اور غیر جانبدار ہونے پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔

درخواست دہندگان میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، راجہ خرم نواز اور  انجم عقیل شامل ہیں۔

درخواست دہندگان نے پٹیشن میں استدعا کی ہے کہ ’’خدشہ ہے کہ انصاف نہیں ملے گا کیونکہ موجودہ ٹربیونل سے درخواست دہندگان مطمئن نہیں۔

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ موجودہ ٹربیونل اس معاملے میں غیر ضروری جلد بازی کا مظاہرہ کر رہا ہے، معزز ٹربیونل کے مذکورہ عمل میں تعصب ہے، معزز ٹربیونل غیر جانبداری سے کام نہیں کر رہا۔

درخواست دہندگان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 4 کے مطابق جو کہ کسی بھی فرد کا بنیادی حق ہے اُس کے مطابق اُس کے ساتھ معاملہ کیا جائے، قانون کے تحفظ و بالادستی اور اُس کے مطابق سلوک کیا جانا، قانون کے مطابق ہر شہری کا ناقابل تنسیخ حق ہے۔

درخواست دہندگان نے کہا کہ ’’ہرپاکستانی شہری کا منصفانہ ٹرائل اُس کا حق ہے، چاہے وہ پاکستان کے اندر ہو یا پاکستان سے باہر‘‘۔

متعلقہ خبریں