Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فاٹا کو فنڈز نہ ملے تو حکومت ردعمل کے لیے تیار رہے، وزیر اعلیٰ کے پی

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ فاٹا کے لیے 100 ارب روپے نہ ملے تو حکومت ردعمل کے لیے تیار رہے۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے پی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے لوگ پاکستان بننے سے اب تک قربانی دے رہے ہیں، فاٹا کے لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں کہ وعدہ پورا نہیں کیا جا رہا ہے۔

فاٹا کے لوگوں کو 500 ارب دینے تھے لیکن اب تک 400 ارب ملے ہیں، فاٹا کیلئے 100 ارب روپے فوری نہ ملے تو حکومت ردعمل کیلئے تیار رہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو بہت خطوط لکھتے ہیں لیکن ہمیں جواب نہیں دیا جاتا، وفاقی حکومت جب پیسہ دے نہیں رہی تو امن وامان کیسے قائم ہو گا۔

وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں ہمارا حق نہ دیا گیا تو پھر کسی اور طرف مارچ شروع کرینگے، فاٹا کے لوگ آتے ہیں میں ان سے کیا کہوں کہ پیسہ کون کھا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امن وامان قائم کرنے کیلئے وفاقی حکومت پیسے نہیں دے رہی ہے، ہمارے تحفظات ہیں ہمارے ردعمل کے لئے تیار رہیں، ہمارے حقوق پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔

کے پی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کی رقم بڑھا کر 20 لاکھ کی جائے گی، ملک کے عوام کے ساتھ ظلم ہوا، گیس، بجلی اور پٹرول کو مہنگا کیا گیا، پچھلے سال ہمیں 90 ارب ملے تھے اب 7 ارب ملے ہیں۔

خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ختم کی گئی اور پی ڈی ایم کی حکومت بنی، ملک کا پیسہ کہاں جا رہا ہے ہم اس پر بات کریں گے۔

متعلقہ خبریں