ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفٰی کمال نے عدلیہ مخالف بیان دینے پرغیر مشروط معافی مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق مصطفٰی کمال نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بیان حلفی جمع کرادیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ججز با الخصوص اعلٰی عدلیہ کے ججز کا دل سے احترام کرتا ہوں، میں عدلیہ اور ججز کے اختیارات اور ساکھ کو بدنام کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔
مصطفٰی کمال کا کہناتھا کہ میں عدلیہ سے متعلق اپنے ہر بیان باالخصوص 16 مئی کی پریس کانفرنس پر غیر مشروط معافی مانگتا ہوں اور خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔
واضح رہے کہ 16 مئی کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ ایک غریب اور مڈل کلاس آدمی بغیر پیسا خرچ کیے انصاف کی امید نہیں رکھ سکتا، ایک جج دہری شہریت پر عوامی نمائندے کو گھر بھیج سکتا ہے تو خود اس کے لیے یہ پابندی کیوں نہیں؟


















